”منی بیک گارنٹی“سیاسی تڑکے کے ساتھ ڈکیتی کی حیران کن واردات پر مبنی مکمل تفریحی فلم ہے۔ پروڈیوسر شایان خان
پاکستانی فلمی صنعت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے ہر تین ماہ میں ایک بڑی فلم ریلیز کرنے کا پلان تیار ہے۔
پاکستانی فلمی صنعت کی نئی فلم ”منی بیک گارنٹی“کا ٹریلر اپنے منفرد موضوع اور ہیوی سٹار کاسٹ کے باعث فلمی حلقوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا صارفین اور شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ فلم کے روح رواں پروڈیوسر شایان خان نے ٹریلر کو ملنے والے رسپانس پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ”منی بیک گارنٹی“ روایتی فلموں سے ہٹ کر بالکل مختلف فلم ہے جو ڈکیتی کی ایسی منفرد کہانی پرمبنی ہے جس میں سیاسی تڑکہ کے ساتھ ساتھ حیران کر دینے والے موڑاورمناظر شامل ہیں۔نامور ڈائریکٹر فیصل قریشی کی زیر ہدایت بنی فلم میں عہد حاضر کے سپر سٹار فواد خان،کرکٹ سٹار وسیم اکرم، انکی اہلیہ شنیرا اکرم،میکال ذوالفقار،جاوید شیخ، حنا دلپذیر،سلمان، کرن ملک،جان ریمبو، عائشہ عمر اور گوہر رشید شامل ہیں۔ ”منی بیک گارنٹی“ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے عید الفطر کے تہوار پر سینماؤں کی زینت بنے گی۔ پروڈیوسر شایان خان نے خود بھی ایک مختصر مگر دلچسپ کردار فلم میں ادا کیا ہے۔ فلم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فلمی صنعت کو اپنے پاؤں کو کھڑا کرنے کیلئے بہتر فلموں کی مسلسل سپلائی کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں سینما مالکان کے ساتھ مل کر ہر تین ماہ بعد ایک بڑی کامیاب فلم کو ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس سے انڈسٹری کو صیحح معنوں میں فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ لیجنڈ آف مولا جٹ کی تاریخی کامیابی قابل ستائش ہے لیکن انڈسٹری کو اصل فائدہ تب ہوگا جب اس طرح کی کامیاب فلمیں باقاعدگی سے سینماؤں کی زینت بنیں۔ شایان خان نے کہاکہ پاکستانی انڈسٹری کو پاکستانی ٹیلنٹ اور فلموں ہی چلا سکتے ہیں، غیر ملکی فلموں سے عارضی فائدہ تو ہوسکتا ہے تاہم یہ کوئی دیرپا حل نہیں اسی لئے تین ماہ بعد بڑی فلم کی نمائش کا پلان بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ’’منی بیک گارنٹی“ میں ہر کردار کو اسکی ضرورت کے مطابق شامل کیا گیا ہے اور تمام فنکاروں نے اپنے کرداروں کے ساتھ بھرپور انصاف کیا ہے۔ شایان خان نے اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ ”منی بیک گارنٹی“ میں انہوں نے اسلام آباد میں رہنے والے کشمیری لڑکے کا کردار نبھایا ہے جس کی دیگر تفصیلات شائقین فلم میں دیکھ کر لطف اندوز ہونگے
Comments
Post a Comment